ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے کا اہم الرٹ
اسلام آباد: مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور بعض مقامات پر اربن فلڈنگ کے خدشات سے متعلق اہم الرٹ جاری کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا گیارہواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں مون سون کی موجودہ صورتحال، دریاؤں کے بہاؤ، ممکنہ سیلابی خطرات اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اگست کے دوران بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ موجود ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ این ای او سی سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر جدید ارلی وارننگ سسٹمز اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نظام کو سراہا گیا، جو قدرتی آفات سے بروقت نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے بچیں اور موسمی صورتحال سے متعلق صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔