میسی کے والد ہورہے میسی انتقال کرگئے
اسلام آباد: ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے والد ہورہے میسی 68 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہورہے میسی نے جمعے کے روز ارجنٹائن کے شہر روساریو کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے، لیونل میسی کے والد کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد فٹبال کی دنیا میں بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ہورہے میسی اپنے بیٹے لیونل میسی کے فٹبال کیریئر میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔ انہوں نے میسی کے ابتدائی دور میں نہ صرف ان کی بھرپور رہنمائی کی بلکہ ان کے کیریئر کے مختلف مراحل میں بھی ان کے ساتھ موجود رہے۔
رپورٹ کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے بعد لیونل میسی نے اپنے والد کے ساتھ وقت گزارا تھا، جس کے بعد وہ اپنے کلب انٹر میامی میں واپس شامل ہوئے۔ میسی تقریباً ایک ہفتہ قبل دوبارہ ایکشن میں بھی نظر آئے تھے۔
لیونل میسی ماضی میں کئی مواقع پر اپنے والد کی رہنمائی اور حمایت کا ذکر کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے ہی ہمیشہ اپنے والد کی رہنمائی کی ضرورت رہی اور ہر میچ کے بعد وہ اپنے والد سے پوچھتے تھے کہ انہیں ان کی کارکردگی کیسی لگی۔