|

 دی ہنڈرڈ میں ول جیکس کا حیرت انگیز کیچ، شائقین اور کمنٹیٹرز بھی دنگ رہ گئے

لندن: انگلینڈ میں جاری دی ہنڈرڈ 2026 کے ایک سنسنی خیز میچ میں ایم آئی لندن کے آل راؤنڈر ول جیکس نے ایسا شاندار کیچ تھام لیا جس نے میدان میں موجود شائقین اور ٹی وی پر میچ دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں لندن اسپرٹ اور ایم آئی لندن کے درمیان کھیلے گئے میچ میں لیا گیا یہ کیچ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے اور اسے ٹورنامنٹ کے بہترین کیچز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

میچ کے دوران پہلی اننگز کی 49ویں گیند پر نصف سنچری مکمل کرنے والے لوہان ڈری پریٹوریئس نے لانگ آف کی جانب ایک بلند شاٹ کھیلا، جو بظاہر چھکا دکھائی دے رہا تھا،  باؤنڈری پر موجود ول جیکس نے غیر معمولی پھرتی، توازن اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناممکن دکھائی دینے والے کیچ کو ممکن بنا دیا۔

ول جیکس نے پہلے بلند جمپ لگاتے ہوئے گیند کو باؤنڈری کے باہر جانے سے روکا اور اسے ہوا ہی میں میدان کے اندر کی جانب واپس اچھال دیا۔ اس دوران انہوں نے مہارت سے اپنے پاؤں کو باؤنڈری لائن سے ٹکرانے نہیں دیا کیونکہ ایسا ہونے کی صورت میں یہ شاٹ چھکا قرار پاتا۔

اس کے بعد ول جیکس فوراً دوبارہ میدان کے اندر آئے، گیند پر نظریں جمائے رکھیں اور لمبی ڈائیو لگاتے ہوئے ایک ہاتھ سے شاندار انداز میں کیچ مکمل کر لیا۔ ان کی برق رفتار حرکت اور شاندار توازن نے میدان میں موجود تمام افراد کو حیران کر دیا۔

کیچ مکمل ہوتے ہی میدان میں موجود شائقین نے زور دار انداز میں داد دی، جبکہ کمنٹیٹرز نے بھی اس لمحے کو میچ کا یادگار ترین منظر قرار دیا۔ کئی ماہرین نے اسے دی ہنڈرڈ 2026 کے بہترین اور مشکل ترین کیچز میں شامل قرار دیا۔

اس شاندار کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں کرکٹ شائقین ول جیکس کی فیلڈنگ صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے اسے “ٹورنامنٹ کا بہترین کیچ” اور “سال کا ناقابل یقین کیچ” قرار دیا، جبکہ سابق کرکٹرز نے بھی ان کی حاضر دماغی اور ایتھلیٹک صلاحیت کو سراہا۔

کرکٹ میں باؤنڈری لائن کے قریب اس نوعیت کے کیچ انتہائی مشکل سمجھے جاتے ہیں، کیونکہ فیلڈر کو نہ صرف گیند پر مکمل کنٹرول رکھنا ہوتا ہے بلکہ باؤنڈری لائن سے بھی بچنا پڑتا ہے۔ ول جیکس نے دونوں پہلوؤں کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایسا کیچ مکمل کیا جو طویل عرصے تک کرکٹ شائقین کو یاد رہے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *