ریلوے مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری،معروف ٹرین بحال
لاہور (17 اگست 2026): لاہور سے لالہ موسیٰ سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوشخبری ہے کہ پاکستان ریلوے کی معروف بابو مسافر ٹرین دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بابو مسافر ٹرین کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وبا کے دوران بند کی گئی ٹرین کو 20 اگست 2026 سے دوبارہ چلایا جائے گا۔
حکام کے مطابق بابو مسافر ٹرین کی بحالی کا فیصلہ مسافروں کے مسلسل مطالبے اور عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ٹرین کی بحالی سے لاہور اور لالہ موسیٰ کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو سفری سہولت میسر آئے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے رواں سال مزید بند ٹرینوں کو بھی بحال کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس سے مسافروں کے لیے ریل کا نظام مزید فعال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ریلوے کو بہتر بنانے اور مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
بابو مسافر ٹرین کی بحالی سے اس روٹ پر روزانہ سفر کرنے والے طلبہ، ملازمین اور دیگر مسافروں کو بھی سہولت ملنے کی توقع ہے۔