پاسپورٹ فیس کی ادائیگی مزید آسان، کیش لیس نظام بہتر بنانے کی ہدایات جاری
اسلام آباد: کیش لیس پاسپورٹ فیس نظام کو مزید مؤثر، تیز اور عوام دوست بنانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ انہیں غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی جی امیگریشن نے پاسپورٹ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کیش لیس پاسپورٹ فیس نظام کے مختلف مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خود بھی کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے پاسپورٹ فیس ادا کرکے نظام کی کارکردگی کا عملی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران محمد علی رندھاوا نے جدید ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیش لیس نظام سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس نظام کو مزید سہل بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد بغیر کسی دشواری کے ڈیجیٹل طریقے سے فیس جمع کرا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاسپورٹ دفاتر میں آنے والے شہریوں کو صاف، منظم اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے پاسپورٹ ہالز، انتظار گاہوں اور عوامی سہولت کے دیگر انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مختلف سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کی پالیسی پر تیزی سے عمل جاری ہے، جبکہ پاسپورٹ فیس کی کیش لیس ادائیگی بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ اس اقدام سے فیس جمع کرانے کا عمل پہلے سے زیادہ آسان، محفوظ اور شفاف ہونے کی توقع ہے۔