| |

حج سیونگ سکیم متعارف، صرف 10 فیصد رقم سے حج کوٹہ محفوظ

اسلام آباد: حج سیونگ سکیم متعارف کرانے کی حکومتی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کے تحت مستقبل میں حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد صرف 10 فیصد پیشگی رقم جمع کرا کے اپنے پسندیدہ سال کے لیے حج کوٹہ محفوظ کر سکیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حکومت آئندہ دو سے تین ماہ کے دوران شریعت کے مطابق نئی حج سیونگ سکیم متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس منصوبے کی اصولی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ اس کی تفصیلات متعلقہ مالیاتی ادارے سے مشاورت کے بعد جاری کی جائیں گی۔

سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے بتایا کہ اگر کوئی شہری مثال کے طور پر 2035 میں حج کرنا چاہتا ہے تو وہ موجودہ تخمینی حج اخراجات کا صرف 10 فیصد جمع کرا کے اپنا کوٹہ محفوظ کرا سکتا ہے۔ بعد ازاں باقی رقم ماہانہ اقساط کی صورت میں جمع ہوتی رہے گی، جس سے ایک ساتھ بھاری رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

حکومت کے مطابق اس سکیم میں دو مختلف اقسام کے اکاؤنٹس دستیاب ہوں گے۔ ایک اسلامی اصولوں کے مطابق منافع بخش سیونگ اکاؤنٹ ہوگا، جبکہ دوسرا بغیر منافع کے کرنٹ اکاؤنٹ کی سہولت فراہم کرے گا۔ اسلامی سیونگ اکاؤنٹ میں حاصل ہونے والا منافع مستقبل میں مہنگائی اور حج اخراجات میں اضافے کے اثرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ جب مقررہ رقم مکمل ہو جائے گی تو متعلقہ سال کے لیے عازم حج کی بکنگ حتمی کر دی جائے گی، جبکہ اصل حج اخراجات اسی سال کے مقررہ نرخوں کے مطابق وصول کیے جائیں گے۔

حکومت نے 2027 سے 2030 تک کی نئی حج پالیسی میں بھی کئی اہم اصلاحات شامل کی ہیں۔ نئی پالیسی کے مطابق شہری ہر سال نئی درخواست دینے کے بجائے 2030 تک کسی بھی حج سیزن کے لیے رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ حج کوٹے کا 60 فیصد سرکاری جبکہ 40 فیصد نجی حج آپریٹرز کے لیے مختص ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ویٹنگ لسٹ، آن لائن سہولیات، تھرڈ پارٹی آڈٹ اور نجی حج آپریٹرز کی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ گزشتہ حج سیزن میں مکہ روٹ انیشی ایٹو کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے کامیابی کے ساتھ نافذ کیا گیا، جس سے پاکستانی عازمین نے روانگی سے قبل ہی امیگریشن کی کارروائی مکمل کی۔ ان کے مطابق تقریباً 80 فیصد پاکستانی حجاج نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا، جبکہ اس منصوبے کے اخراجات سعودی حکومت نے برداشت کیے۔

واضح رہے کہ 2026 کے حج کے لیے پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد کا کوٹہ ملا تھا، جن میں ایک لاکھ 19 ہزار 210 افراد سرکاری اور 60 ہزار نجی حج اسکیم کے تحت شامل تھے۔ موجودہ سرکاری حج اخراجات تقریباً 12 سے 13 لاکھ روپے ہونے کے باعث نئی حج سیونگ سکیم متوسط اور کم آمدن والے افراد کے لیے ایک اہم سہولت ثابت ہو سکتی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *