|

دبئی امیگریشن نے ویزا مسائل میں پھنسے افراد کیلئے نئی سہولت متعارف کرادی

دبئی: دبئی امیگریشن نے ویزا مسائل کا سامنا کرنے والے غیرملکی افراد کے لیے اہم ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے خصوصی امدادی مرکز قائم کر دیا ہے، جہاں متاثرہ افراد کو رہائش، خوراک، طبی سہولت اور وطن واپسی کے حوالے سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

دبئی امیگریشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے اعلیٰ حکام کے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ جن افراد کو ویزا، قیام یا دیگر امیگریشن سے متعلق مشکلات کا سامنا ہے، وہ فوری طور پر الویر سینٹر سے رابطہ کریں اور اپنی شکایات درج کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کے پاس رہائش کا انتظام نہیں تو اسے عارضی رہائش فراہم کی جائے گی، جبکہ خوراک کی ضرورت ہونے پر فوری کھانے پینے کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مفت طبی معائنہ اور دانتوں کے علاج کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

دبئی امیگریشن کے سربراہ نے بتایا کہ وطن واپس جانے کے خواہشمند افراد کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ان کی واپسی کا عمل آسان بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دبئی میں پھنسے سیاحوں اور روزگار کی تلاش میں آنے والے افراد کی رہنمائی کے لیے ایک نیا سہولت مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس مرکز پر امیگریشن ماہرین متاثرہ افراد کو قانونی رہنمائی، معلومات اور ضروری تعاون فراہم کریں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری کا کہنا تھا کہ دبئی آنے والے سیاح اور ملازمت کے خواہشمند افراد ہمارے مہمان ہیں، اس لیے ان کے مسائل حل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے متاثرہ افراد سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں بروقت متعلقہ مرکز سے رجوع کریں تاکہ انہیں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *