وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری داخلہ تبدیل کر دیا، احمد رضا سرور تعینات
اسلام آباد(رضوان عباسی ): وزیراعظم کی منظوری کے بعد وفاقی سیکرٹری داخلہ کے عہدے پر اہم تبدیلی کر دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے گریڈ 22 کے سینئر افسر کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کو عہدے سے ہٹا کر احمد رضا سرور کو نیا وفاقی سیکرٹری داخلہ مقرر کر دیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محمد خرم آغا کو فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے گریڈ 22 کے افسر احمد رضا سرور نے وزارت داخلہ کے اعلیٰ انتظامی منصب کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
ذرائع کے مطابق احمد رضا سرور اس سے قبل پنجاب حکومت میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 24ویں کامن سے تعلق رکھتے ہیں اور 9 نومبر 1996 کو سول سروس میں شامل ہوئے تھے۔
دستیاب معلومات کے مطابق احمد رضا سرور 7 اگست 1971 کو پیدا ہوئے، جبکہ وہ 6 اگست 2031 کو 60 سال کی عمر مکمل ہونے پر سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوں گے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ کی حیثیت سے تقرری سے قبل وہ پنجاب حکومت میں مختلف اہم انتظامی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سفارش پر کیا۔ محمد خرم آغا تقریباً ڈھائی برس تک وفاقی سیکرٹری داخلہ کے عہدے پر فائز رہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ملک کی موجودہ داخلی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر وفاقی سیکرٹری داخلہ کے عہدے پر یہ تبدیلی اہم انتظامی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس سے وزارت داخلہ کے امور کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی توقع کی جا رہی ہے۔