پنجاب سمیت پانچ علاقوں میں بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری
اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب اور بلوچستان کے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
پنجاب میں اچانک سیلاب کا خدشہ
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران طغیانی کا امکان ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں اچانک سیلاب کا درمیانے درجے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع بھی متاثر ہوسکتے ہیں
بلوچستان میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل اور کوہلو کے علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بارکھان، لورالائی، دکی اور ڈیرہ بگٹی میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں دریاؤں کی صورتحال
خیبر پختونخوا کے چترال، سوات اور اپر دیر میں سوات اور پنجکوڑہ دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ خیبر، اورکزئی، ہنگو اور کرک میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ٹانک، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر مقامی انتظامیہ اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی خطرہ
گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر اور گلگت کے ندی نالوں میں اچانک سیلاب کا درمیانے درجے کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں۔