14اگست قومی اتحاد ویکجہتی کی تجدید کادن ہے‘ف لیگ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ 16 اگست کو شاہراہِ قائدین کراچی پر ہونے والے جلسے کی حکومتِ سندھ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر سید صدرالدین شاہ راشدی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی ڈویژن کے ذمہ داران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنان پورے سندھ میں یومِ آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منائیں گے۔ اس موقع پر کارکنان اپنے گھروں، دکانوں، گاڑیوں اور پارٹی دفاتر پر سبز ہلالی پرچم لہرائیں گے جبکہ سندھ کے مختلف شہروں میں کیک کٹنگ کی تقریبات، ریلیاں اور دیگر قومی سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست محض جشن کا دن نہیں بلکہ اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں، قیامِ پاکستان کے مقصد اور قومی اتحاد و یکجہتی کی تجدید کا دن ہے۔ پاکستان ہماری پہچان، ہماری آزادی اور آنے والی نسلوں کا مستقبل ہے، اس لیے ملک کی سلامتی، خودمختاری، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ حر جماعت کی تاریخ وطن عزیز کی آزادی، سلامتی اور دفاع کے لیے بے مثال قربانیوں سے عبارت ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *