یومِ آزادی: صوبے میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کی ہدایت
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سندھ جاوید عالم اوڈھو نے یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر صوبے بھر میں سیکورٹی کے غیرمعمولی، موثر اور مربوط انتظامات کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔آئی جی سندھ نے تمام متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ آزادی کی تمام تقریبات، اجتماعات اور حساس مقامات پر موثر نگرانی اور فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے شاہراہوں، اہم تنصیبات، رہائشی و کمرشل علاقوں کے اطراف پولیس پٹرولنگ اور سرویلنس مزید بڑھانے کا بھی حکم دیا ہے۔جاوید عالم اوڈھو نے تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کو خود بریفنگ دیں اور انتظامات کی براہِ راست نگرانی کریں۔ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام فیلڈ افسران کا فیلڈ میں موجود رہنا لازم ہوگا۔ “یومِ آزادی کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کو انتہائی ٹھوس، مربوط اور موثر بنایا جائے۔ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔ امن و امان کے استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بحیثیت مجموعی ہمیں ایک ٹیم بن کر فرائض انجام دینا ہوں گے۔شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے حوالے سے انہوں نے ہدایت کی کہ متبادل روٹس کی بھرپور تشہیر کی جائے، شہریوں کو پہلے سے آگاہ کیا جائے اور اہم مقامات پر ٹریفک پولیس کی مناسب تعیناتی یقینی بنائی جائے۔آئی جی سندھ نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ کسی بھی مقام پر مشکوک سرگرمی، مشتبہ شخص، یا لاوارث گاڑی، بیگ، بریف کیس یا پارسل کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت اقدام کیا جا سکے۔