قمبرعلی خان، ضلع کونسل کا بجٹ پیش ، اخراجات کیلیے 75کروڑ سے زائد مختص
قمبرعلی خان (نمائندہ جسارت) ضلع کونسل قمبر شہدادکوٹ کا مالی سال 2026-27 کا مجوزہ بجٹ آج ضلع کونسل کے چیئرمین حاجی قمرالدین گوپانگ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں پیش کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع کونسل کے وائس چیئرمین لالا غلام محمد خان اسران بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران کونسل اراکین نے بجٹ پر تفصیلی بحث کی اور عوامی مفاد سے متعلق اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے دوران ریاض الدین ابڑو، ارشاد علی لاکو، اعجاز کلہوڑو، عاشق علی جتوئی، آصف لغاری اور دیگر اراکین نے بجٹ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی فنڈز کی تقسیم ضلع کے تمام تعلقوں اور یونین کونسلوں میں مساوی بنیادوں پر کی جائے، جبکہ پینے کے صاف پانی، سڑکوں، صفائی، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کے لیے مزید وسائل مختص کیے جائیں۔بجٹ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے کل آمدنی 579.40 ملین روپے (57 کروڑ 94 لاکھ روپے) رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس میں او زیڈ ٹی (OZT) شیئر کی مد میں 500 ملین روپے (50 کروڑ روپے) جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے دفتر کی عمارت کی تعمیر کے لیے 70 ملین روپے (7 کروڑ روپے) بطور گرانٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس، کرایہ، ٹینڈر فیس اور دیگر ذرائع سے بھی آمدنی حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔مجوزہ بجٹ کے مطابق کل اخراجات 751.01 ملین روپے (75 کروڑ 10 لاکھ روپے) رکھے گئے ہیں، جن میں 282.96 ملین روپے اسٹیبلشمنٹ اور تنخواہوں، 191.75 ملین روپے نان سیلری اخراجات جبکہ 276.30 ملین روپے ترقیاتی پروگراموں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ میں مختلف اسکیمیں شامل کی گئی ہیں، جن میں سی سی ڈرینیں، پیور بلاک، پل، کلورٹس، پانی کے تالاب، ڈسپنسریاں، دفتر کی عمارت، عیدگاہوں کی چار دیواریاں، سولر اسٹریٹ لائٹس، سولر پلیٹس، قبرستانوں کی چار دیواریاں، جانوروں کے اسپتال، نکاسی? آب، شجرکاری اور صفائی کی مختلف اسکیمیں شامل ہیں۔ سماجی بہبود کے لیے بھی 59 ملین روپے (5 کروڑ 90 لاکھ روپے) مختص کیے گئے ہیں، جن میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی امداد، غریب مریضوں کی مالی معاونت، معذور افراد کے لیے وہیل چیئرز، پریس کلبوں کے لیے گرانٹس، طلبہ کے لیے اسکالرشپس، غریب خاندانوں کی اجتماعی شادیوں، قانونی امداد اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کے لیے فنڈز شامل ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق ضلع کونسل کی جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے 86.30 ملین روپے جبکہ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 190 ملین روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین حاجی قمرالدین گوپانگ نے کہا کہ یہ بجٹ کسی ایک علاقے یا فرد کا نہیں بلکہ پورے ضلع کے عوام کی امانت ہے، جسے مکمل شفافیت، انصاف اور میرٹ کی بنیاد پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے ہر تعلقے اور ہر یونین کونسل کو ترقی کے عمل میں مساوی حصہ دیا جائے گا، جبکہ صاف پینے کے پانی، بہتر سڑکوں، صحت، تعلیم، صفائی اور سماجی بہبود کے منصوبوں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کونسل عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پْرعزم ہے، اراکین کی جانب سے پیش کی جانے والی ہر مثبت تجویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور عوامی مفاد میں قابلِ عمل سفارشات کو بجٹ پر عملدرآمد کے دوران شامل کیا جائے گا۔ چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کی متوازن ترقی، شفاف مالی نظم و نسق اور عوامی خدمت ہی ضلع کونسل کی بنیادی ترجیح رہے گی، اور تمام منتخب نمائندوں کے تعاون سے قمبر شہدادکوٹ کو ایک ترقی یافتہ ضلع بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔