کوٹ دیجی : گائوں ربن راجپر سے تعلق رکھنے والی خاتون کا قبول اسلام

خیرپور (نمائندہ جسارت ) کوٹ ڈیجی تھانے کی حدود میں واقع گاؤں ربن راجپر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام خدیجہ خاتون رکھ لیا اور عبدالغنی لنجوانی سے اپنی مرضی سے شادی کرلی۔ بعد ازاں وہ اپنے شوہر کے ہمراہ خیرپور پریس کلب پہنچیں، جہاں انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے جان و مال کے تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خدیجہ خاتون لنجوانی نے دعویٰ کیا کہ وہ اسلام سے متاثر ہو کر دائرہ اسلام میں داخل ہوئیں، کلمہ پڑھا اور اس کے بعد عبدالغنی لنجوانی سے شادی کی، جس پر ان کے بعض عزیز ناراض ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پہلاج مل، سرور مل، مکھی مل، سورج مل اور دیگر افراد نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئیں، تاہم متعلقہ تھانے کی پولیس نے ملزمان کے خلاف کوئی مؤثر قانونی کارروائی نہیں کی۔خدیجہ خاتون لنجوانی کا کہنا تھا کہ مکھی مل اور اس کے ساتھیوں سے انہیں، ان کے شوہر اور خاندان کو جان و مال کا شدید خطرہ لاحق ہے، جس کے باعث وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں یا ان کے اہل خانہ کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری نامزد ملزمان اور متعلقہ پولیس پر عائد ہوگی۔خدیجہ خاتون لنجوانی اور ان کے شوہر عبدالغنی لنجوانی نے مطالبہ کیا کہ ان کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔جوڑے نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور سے اپیل کی کہ ان کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں مکمل سیکیورٹی اور تحفظ فراہم کیا جائے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *