دارالصحت اسپتال میں خاتون کی ہلاکت پر ہنگامہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شاہرا فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر میں واقع دارالصحت اسپتال میں دوران علاج55 سالہ جمیلہ خاتون زوجہ محمد سلیم کے انتقال کے بعد شدید کشیدگی پیدا ہوگئی۔ مشتعل لواحقین نے مبینہ طبی غفلت کے خلاف اسپتال میں ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی، جس کے باعث اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لاتے ہوئے امن و امان بحال کر دیا۔پولیس کے مطابق واقعے کے بعد اسپتال کے اندر اور اطراف میں سیکورٹی سخت کر دی گئی، جبکہ ہنگامہ آرائی کے دوران املاک کو پہنچنے والے نقصان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔متوفیہ کے بیٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی والدہ گزشتہ روز گردے کی پتھری کے آپریشن کے لیے مکمل صحت کے ساتھ خود چل کر اسپتال آئی تھیں، تاہم آپریشن کے دوران ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ان کی جان چلی گئی۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد اسپتال انتظامیہ مسلسل اہلخانہ کو مختلف باتیں بتا کر اصل صورتحال چھپاتی رہی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ بعد میں بعض ڈاکٹرز نے بھی مبینہ طور پر اپنی غفلت کا اعتراف کیا، لیکن اس کے باوجود ذمہ داروں کے خلاف کوئی فوری کارروائی نہیں کی گئی۔متوفیہ کے اہلخانہ نے مزید الزام لگایا کہ واقعے کے بعد مبینہ غفلت کے ذمے دار ڈاکٹرز اور طبی عملے کو اسپتال سے نکال دیا گیا تاکہ وہ قانون کی گرفت میں نہ آسکیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمے دار ڈاکٹرز اور عملے کو فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اسپتال انتظامیہ، متعلقہ ڈاکٹرز اور لواحقین کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔ اگر تحقیقات میں کسی بھی قسم کی طبی غفلت یا قانونی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمے دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔