پیٹرول قیمتوں میں اضافہ‘ جماعت اسلامی کا بڑے احتجاج کا فیصلہ‘ منعم ظفر آج تفصیلات کا اعلان کریں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے کے ظالمانہ فیصلے اور پیٹرولیم لیوی کے نام پر بھاری ٹیکس وصولی کے خلاف پورے ملک میں مسلسل اور بڑے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان جمعرات 23جولائی کو 11بجے دن ادارہ نور حق میں کراچی میں کیے جانے والے احتجاج کی تفصیلات کا اعلان کریں گے جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن اس حوالے سے پہلے ہی 7اگست کو ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کا اعلان کر چکے ہیں،ترجمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ ہوشربا اضافے اور روزانہ کی بنیاد پر بنائے گئے ظالمانہ نظام سے ملک کا ہر طبقہ ، عام شہری ، نوجوان ، طالب علم ، تاجر ،صنعتکار ، ٹرانسپورٹرز متاثر ہو رہے ہیں اور شدید پریشانی اور اذیت کا شکار ہیں ،تاجر و صنعتکارتنظیموں اور پیٹرول پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن نے بھی اس فیصلے کو مسترد کیا ہے لیکن حکومت روزانہ کی بنیاد پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے پر بضد ہے جس کی وجہ سے ایک غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور دوسری طرف اشیاء صرف کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے جا رہے ہیں ،حکومت عالمی منڈی میں اضافے کے نام پر قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ تو کر دیتی ہے لیکن جب پیٹرول کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو اس کا فائدہ ملک کے عوام کو نہیں پہنچنے دیا جاتا ،جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا روزانہ والا نظام ختم کیا جائے بلکہ پیٹرولیم لیوی کی ظالمانہ وصولی بھی بند کی جائے اور پیٹرول کی قیمتیں 225روپے فی لیٹر فکس کی جائیں تاکہ ملک کے عوام اور دیگر طبقات کو مستقل بنیادوں پر سستا پیٹرول ملے ۔