فرانس: 15 سال سے کم عمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی
پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی پارلیمان نے 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کے حق میں ووٹ دے دیا۔ ستمبر میں نافذ ہونے کے بعد یہ یورپ میں ایسی پہلی پابندی ہو گی۔ فرانسیسی پارلیمان کے دونوں ایوانوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی نے منگل کے روز اس قانون کی منظوری دی جس کے تحت 15 سال سے کم عمر کے بچوں پر نئے تعلیمی سال کے آغاز یعنی ستمبر سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کھولنے پر پابندی لگ جائے گی۔ ایوان میں ہونے والے رائے شماری میں بل کے حق میں 279 ووٹ ، جب کہ اس کی مخالفت میں 81 ووٹ آئے۔قانون کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کو موجودہ اکاؤنٹس بند کرنے کے لیے جنوری تک مزید 4ماہ کی مہلت دی جائے گی۔ ان پلیٹ فارموں کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ عمر کی تصدیق کے لیے فرانس کے پرائیویسی ریگولیٹر کا منظور کردہ ڈیٹا استعمال کریں۔ عمر کی بنیاد پر سوشل میڈیا کے استعمال کی پابندیاں متعارف کروانے کے اقدامات، بچوں پر اِن پلیٹ فارمز کے ممکنہ منفی اثرات کے حوالے سے، بڑھتے ہوئے خدشات کی عکاس ہیں۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے مکمل پابندی عائد کی تھی جس کے بعد سے یورپی یونین بھی قواعد پر غور کر رہی ہے۔ یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے بعد ایک خاص منصوبہ تجویز کیا جائے گا۔