اسکائوٹس کوجدید دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے‘شعیب احمد
کراچی (پ ر ) جنرل مینیجر پی آئی اے و صوبائی اسکائوٹ کمشنر شعیب احمد ڈاہری نے کہا ہے کہ اسکائوٹس لیڈر ٹرینرز گرل اسکائوٹس‘ روورز‘ بوائز اور شاہین اسکائو ٹس کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کریں اور ایسی غیر نصابی سماجی سرگر میاں اور مشاغل مہیا کریں جس سے اسکائوٹس کو معاشرے کا مفید شہری بننے میں مدد ملے۔ اسکاؤٹنگ کے فروغ کیلیے کمیونٹی ڈیولپمنٹ، شجرکاری مہم‘ سماجی‘ فلاحی و دیگر صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے پی آئی اے اسکاؤٹس صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر صوبائی کوارڈینیشن میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی سیکرٹری سید جاوید رضا اور ڈپٹی صوبائی سیکرٹری وقاص سردار نے ایجنڈا پوائنٹس پر صوبائی کمشنر کو تربیتی سرگرمیوں اور قومی تقریبات کی رپورٹس پر بریفننگ دی اور آئندہ ٹریننگ کیمپس، ایونٹس و دیگر سوشل سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ صوبائی ہیڈ کوارٹرز اور ٹریننگ سینٹرپر جاری تزئین و آرائش سے متعلق بھی بریفننگ دی گئی۔