ہم کسی کو زندگیاں نہیں چھیننے دیں گے‘ نثار کھوڑو
کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے تحت جمعہ کو موسیٰ لین سے لیاری گیٹ تک سندھو دریاکے پانی پر ڈاکے کے خلاف “مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں” احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ نثار کھوڑو نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھو کے پانی پر زیادتیاں بند نہ ہونے کی صورت میں پیپلز پارٹی سندھ احتجاجی تحریک کے تیسرے مرحلے میں سندھ بھر میں ڈویڑن سطح پر جلسے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھو کے پانی پر ڈاکے کے خلاف آج سندھ بھر میں 130 مقامات پر احتجاج کیا گیا ہے۔ “پانی زندگی ہے اور پانی کے بغیر زندگی نہیں چل سکتی، ہم کسی کو زندگیاں نہیں چھیننے دیں گے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھو دریا پنجاب، کے پی، پنجاب اور بلوچستان سے چل رہا ہے۔ سندھو دریا کے پانی پر ہر طرف سے حملے کیے جا رہے ہیں۔ ایک طرف بھارت آبی دہشتگردی کرکے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل کرکے سندھو کا پانی بند کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ دوسری جانب 1991ء کے پانی کے معاہدے پر عمل نہ کرکے سندھ کو اس کا جائز حصہ نہیں دیا جا رہا۔۔ ہم سندھو کے پانی پر ہر محاذ پر لڑیں گے۔ سندھ کو پانی کا حصہ نہ دے کر پانی کے معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔