لانڈھی میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے کے بعد آتشزدگی

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) لانڈھی 89 کے علاقے میں پی ایس او پمپ کے قریب واقع گیس سلنڈر کی دکان میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس پر ریسکیو 1122 نے ایک گھنٹے سے زائد کی مسلسل کارروائی کے بعد قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی تھانے کی حدود میں لانڈھی 89 کے قریب گیس سلنڈر کی دکان میں اچانک دھماکہ ہوا، جس کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہری بڑی تعداد میں جائے وقوع پر جمع ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور فلاحی اداروں کے رضاکار موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے کو گھیرے میں لے کر شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور منتقل کیا، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دکان میں گیس لیکیج کے باعث گیس جمع ہو گئی تھی اور بعد ازاں شارٹ سرکٹ ہونے سے دھماکہ ہو، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *