بارشوں نے حکومتی تیاریوں کی حقیقت بے نقاب کر دی ‘ہمایوں خان
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے پنجاب میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور عوام کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں نے حکومتی تیاریوں اور انتظامی دعوؤں کی حقیقت بے نقاب کر دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ریلیف اور بحالی کا کام تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو فوری سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔محمد ہمایون خان نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، مگر موجودہ صورتحال میں عوام بارش کے پانی میں محصور ہیں جبکہ حکومتی دعوے صرف کاغذوں تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے مثر نظام کے بغیر ترقی کے تمام دعوے بے معنی ہیں، جبکہ ہر بارش کے بعد شہری زندگی کا مفلوج ہو جانا ناقص منصوبہ بندی اور کمزور شہری انفرااسٹرکچر کی واضح علامت ہے۔پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حکومت کو سیاسی تشہیر کے بجائے مثر گورننس، احتساب اور عوامی مسائل کے فوری حل پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ پنجاب کے شہریوں کو محفوظ ماحول، مثر شہری سہولیات اور بروقت امداد کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔محمد ہمایون خان نے کہا کہ عوام کو محض دعوں اور اعلانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ریلیف ملے گا، جبکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔