کوتاہیاں ضرور ہوئیں مگر کبھی غفلت نہیں برتی، فیصل راٹھور
حویلی (صباح نیوز) وزیراعظم آزاد چودھری فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ان سے سیاسی یا انفرادی سطح پر کوتاہیاں ضرور ہوئی ہوں گی، تاہم ضلع حویلی کی تعمیر و ترقی میں انہوں نے کبھی غفلت نہیں برتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی بجٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان کی حکومت نے آزاد کشمیر کے سب سے پسماندہ ضلع حویلی کے لیے تاریخ کے سب سے زیادہ ترقیاتی وسائل مختص کیے ہیں۔ ضلع حویلی میں پٹھان برادری کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے حویلی کے عوام کی دیرینہ محرومیوں کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کا ایک جامع پیکیج متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ضلع حویلی کے لیے دانش اسکول کی منظوری دی، جو علاقے کے بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت بنے گا۔ ان کے مطابق دانش اسکول محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ عالمی معیار کی تعلیم، جدید رہائشی سہولیات، کھیلوں اور دیگر بنیادی سہولتوں سے آراستہ ایک مکمل تعلیمی منصوبہ ہے، جہاں ایک ہزار طلبہ و طالبات کو بلا معاوضہ تعلیم فراہم کی جائے گی۔ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ چند برسوں بعد یہی طلبہ بہترین تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی قیادت کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ ضلع حویلی کو پہلی مرتبہ یونیورسٹی فراہم کی، جبکہ صحت کے شعبے میں بھی آزاد کشمیر کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکج اسی ضلع کے لیے منظور کیا گیا۔