سمندری طوفان ’’نول‘‘ چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا
بیجنگ(صباح نیوز) سمندری طوفان ‘نول’ جنوبی چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں شدید ہوائیں، موسلا دھار بارش اور خراب موسم نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے گوانگ ڈونگ صوبے سے 7 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔چین کے قومی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اتوار کی علی الصبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 3 بج کر 50 منٹ پر جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر ہوئی ڑو کی ہوئی ڈونگ کاؤنٹی کے ساحل سے ٹکرایا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ طوفان اندرونِ گوانگ ڈونگ کی جانب بڑھتے ہوئے بتدریج کمزور ہو رہا ہے تاہم اس کے باعث مختلف علاقوں میں شدید بارش اور تیز ہوائیں جاری رہیں گی۔سرکاری نشریاتی ادارے چائنا نیشنل ریڈیو کے مطابق اتوار کی صبح تک گوانگ ڈونگ میں 7 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد کو احتیاطی تدابیر کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا تھا، جبکہ ہفتے کے روز حکام نے تقریباً 3 لاکھ 40 ہزار افراد کے انخلا کی اطلاع دی تھی۔ چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران جنوبی گوانگ ڈونگ اور جنوب مشرقی صوبے فوجیان کے بعض علاقوں میں مزید شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ گوانگ ڈونگ کے ساحلی ضلع ہوئی لائی میں طوفان کے باعث متعدد درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے۔ دوسری جانب ہانگ کانگ ایئرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ خراب موسم کے باعث 350 کے قریب پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ مقامی حکام کے مطابق طوفان کے دوران مختلف واقعات میں کم از کم 9 افراد زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق طوفان کے قریب پہنچنے سے قبل ہفتے کی سہ پہر ہانگ کانگ میں ایک بلند و بالا عمارت پر نصب عارضی تعمیراتی ڈھانچے کا کچھ حصہ گر گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔