منور چورنگی انڈر پاس کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے‘ناصر شاہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منور چورنگی انڈر پاس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں منتخب عوامی نمائندوں، اعلیٰ سرکاری حکام، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران، انجینئرز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہر کے مصروف ترین تجارتی اور رہائشی علاقوں کو ملانے والے اس اہم منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آنے اور شہریوں کے سفری وقت میں کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ منور چورنگی انڈر پاس کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی، جدید شہری انفرا اسٹرکچر کی تعمیر اور ٹریفک کے دیرینہ مسائل کا حل سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے تحت شہر بھر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر بیک وقت کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہم شاہراہوں کی بحالی اور تعمیر کے لیے فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں جبکہ تمام ٹاؤن چیئرمین اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جہاں کہیں تعمیراتی معیار سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں وہاں تحقیقات جاری ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا ناقص کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سیاسی مقاصد کے لیے نئے صوبے کا شوشہ چھوڑتے رہتے ہیں، تاہم سندھ ایک وحدت ہے اور اسے تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو تباہ حال قرار دینے والے زمینی حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر کراچی واقعی رہنے کے قابل شہر نہ ہوتا تو ملک بھر سے لاکھوں افراد روزگار، تعلیم اور بہتر مستقبل کی امید میں یہاں کا رخ نہ کرتے۔ اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی کارکردگی پر مطمئن ہو کر رک جانا نہیں بلکہ مزید محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے، کیونکہ ہمارا یقین ہے کہ “حرکت میں برکت ہے۔