بڑے خواب دیکھیں، تعلیم، کردار اور ہنر پر توجہ دیں‘گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ بچوں کو بڑے خواب دیکھنے چاہئیں، خود پر اعتماد رکھنا چاہیے اور اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے انتھک محنت کرنی چاہیے کیونکہ تعلیم، اعلیٰ کردار اور ہنر ہی روشن اور کامیاب مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں جاگروتی سمر لیڈرز پروگرام کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت جاگروتی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر رویندر کمار نے کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ بچے اپنے مستقبل کی مؤثر منصوبہ بندی کریں، ہر روز خود کو پہلے سے بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ اچھے دوست بنیں، دوسروں کا سہارا بنیں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بچے پاکستان کا روشن مستقبل اور قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی بہترین تربیت اور رہنمائی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ موبائل فون کو صرف تفریح کے لیے نہیں بلکہ علم، تحقیق اور نئی مہارتیں حاصل کرنے کے لیے استعمال کریں۔ روزانہ دنیا کے مختلف ممالک، ان کی کرنسیوں، دارالحکومتوں اور اہم عالمی امور کے بارے میں معلومات حاصل کریں تاکہ ان کے علم، شعور اور عالمی آگہی میں اضافہ ہو۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بچے پینٹنگ، تقریری مقابلوں اور دیگر تعمیری و تخلیقی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *