تلہار، گیس کے بلزمیں 800روپے اضافی ٹیکس کیخلاف شہری سراپا احتجاج
تلہار (نمائندہ جسارت )وفاقی حکومت کی جانب سے گھریلو گیس صارفین کے بلوں میں 800 روپے مالیت کا اضافی ٹیکس عائد کیے جانے پر تلہار کے شہریوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کو عوام پر اضافی مالی بوجھ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر یہ ٹیکس واپس لیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق تلہار کے شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی صارفین کے اصل گیس کے بل صرف 200 روپے کے قریب ہیں، جبکہ ان پر 800 روپے اضافی ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے، جو کسی بھی لحاظ سے انصاف کے تقاضوں کے مطابق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل استعمال سے کئی گنا زیادہ ٹیکس وصول کرنا عوام کے ساتھ ناانصافی اور کھلا استحصال ہے۔شہریوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی ، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے یوٹیلٹی اخراجات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث متوسط اور غریب طبقہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔ ایسے حالات میں گیس کے بلوں پر اضافی ٹیکس عائد کرنا عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ گھریلو صارفین پر عائد 800 روپے کا اضافی ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے اور عوام کو عملی ریلیف فراہم کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی کے اس دور میں عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ان کے مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ عام آدمی سکھ کا سانس لے سکے۔