عالمی مارکیٹوں میں منفی کا رجحان‘ اسٹاک مارکیٹ میں مندی
کراچی (کامرس رپورٹر) سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ، منافع کی وصولی اور عالمی مارکیٹوں کے منفی رجحان کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروباری اتار چڑھائو کے بعد مندی کا رجحان رہا۔ کے ایس ای 100انڈیکس 600 پوائنٹس گھٹ گیا اور مارکیٹ نے 1لاکھ78ہزار کی نفسیاتی حد کھو دی۔ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 70ارب روپے ڈوب گئے جبکہ 61.81فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔پاکستان اسٹا ک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور کاروبار کے دوران انڈیکس 179123پوائنٹس کی دن کی بلند سطح پر بھی ٹریڈ ہوا۔ بعد ازاں سرمایہ کار نئی معاشی پیش رفت اور آئندہ اعداد و شمار کے انتظار میں محتاط رہے جس کی وجہ سے خریداری کا رجحان کم اور فروخت کا دباؤ بڑھا۔ اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 177434پوائنٹس کی کم سطح پر بھی ٹریڈ ہوا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 638پوائنٹس کم ہو گیا اور انڈیکس 178262 پوائنٹس سے گھٹ کر 177623 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 216پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 53131پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 107837 پوائنٹس سے کم ہو کر 107472پوائنٹس پر آگیا۔ کاروباری مندی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 70ارب 64 کروڑ 94 لاکھ 69 ہزار 808 روپے کی کمی واقع ہوئی اور سرمائے کا مجموعی حجم 19950 ارب 51 کروڑ 83 لاکھ 59 ہزار 238 روپے رہ گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز 41ارب روپے مالیت کے 95 کروڑ 80 لاکھ حصص کے سودے ہوئے، جبکہ پیر کو 41 ارب روپے مالیت کے 1ارب حصص کے سودے ہوئے تھے۔ اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر 495کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 156کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 306میں کمی اور33 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔