آسٹریلیا میں برڈ فلو کے کیسوں میں اضافہ‘مزید پھیلاؤ کا خدشہ
کینبرا (انٹرنیشنل ڈیسک) آسٹریلیا کی جنوبی ریاست کے حکام نے کہا ہے کہ مہلک ایچ فائیو این ون برڈ فلو کے 11 نئے مشتبہ کیس سامنے آنے کے بعد اس وائرس کے مقامی سطح پر پھیلنے کا قوی امکان ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ریاستی وزیر برائے بنیادی صنعتیں و علاقائی ترقی کلیئر سکریوین نے صحافیوں کو بتایا کہ تمام نئے مشتبہ کیس گریٹر کریسٹڈ ٹرن نامی سمندری پرندوں میں پائے گئے ہیں۔ ان میں سے 7کیس ریاست کے جنوب مشرقی علاقوں جبکہ 4کیس ایڈیلیڈ سے تقریباً 120 کلومیٹر دور واقع کینگرو آئز لینڈمیں رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کیسوں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو جنوبی آسٹریلیا میں ایچ فائیو این ون کے مجموعی کیسوں کی تعداد 25 جبکہ پورے آسٹریلیا میں یہ تعداد 38 ہو جائے گی۔ اس وائرس کی پہلی بار آسٹریلیا کے مرکزی حصے میں جون کے دوران تصدیق ہوئی تھی۔ کلیر اسکریون کے مطابق، دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئے کیسز وائرس کے مقامی سطح پر منتقل ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ صورتحال تشویشناک ہے، تاہم غیر متوقع نہیں، کیونکہ دنیا کے دیگر خطوں کی طرح آسٹریلیا میں بھی وائرس کے پھیلنے کا خدشہ پہلے سے موجود تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا بھر میں ایچ فائیو این ون وائرس لاکھوں پولٹری پرندوں کی ہلاکت کا سبب بن چکا ہے اور 100 سے زائد ممالیہ جانوروں کی اقسام میں بھی اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔حکام کے مطابق کیسوں میں اضافے کے باوجود اب تک آسٹریلیا میں کسی بھی تجارتی پولٹری فارم پر ایچ فائیو این ون وائرس کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی۔