پاکستان کی قازقستان کو کارگو ٹرانزٹ کیلیے بندرگاہوں کی پیشکش

کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان قازق کارگو کی ترسیل کے لیے کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ کے ذریعے بندرگاہی سہولیات اور مکمل معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے جس میں فری زونز میں ممکنہ مشترکہ سرمایہ کاری (جوائنٹ وینچرز) بھی شامل ہے۔ اس بات کا اظہار بدھ کو وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے قازقستان کے سفیر یرڑان کسٹافن سے ملاقات کے دوران کیا۔ الوداعی ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت کے فروغ، علاقائی روابط میں بہتری اور بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے قازق سفیر کی اپنے دورِ تعیناتی کے دوران تعلقات کو مضبوط بنانے میں خدمات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ بحری شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون آئندہ بھی مزید فروغ کا سلسلہ جاری رہے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بندرگاہوں، شپنگ، تجارتی سہولت کاری اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قازقستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، مضبوط بحری روابط دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں قازقستان اور وسطی ایشیا کے وسیع تر خطے کے لیے ٹرانزٹ حب کا کردار ادا کر سکتی ہیں جس کے ذریعے خلیجی ممالک، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا کی منڈیوں تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔قازقستان کے سفیر یرڑان کسٹافن نے بھی دوطرفہ تجارت میں توسیع کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بحری اور بندرگاہی شعبوں میں قریبی تعاون سے تجارتی سرگرمیوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔دونوں فریقوں نے ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے قازقستان کی تجارتی سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *