لانڈھی میں ڈکیتی مزاحمت پرنوجوان بے دردی سے قتل
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ قائدآباد کے علاقے لانڈھی اسپتال چورنگی، آزاد ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 18 سالہ عبدالخالق ولد محمد صالح زخمی ہوگیا۔اطلاع ملتے ہی چھیپا ایمبولینس موقع پر پہنچی اور زخمی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ دوسرا واقعہ منگھوپیر کے علاقے محمد خان کالونی، گلشن چوک کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے رکشے میں سوار 30 سالہ شوکت علی ولد افضل خان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو اہلکاروں نے مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی جہاں قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول کو مبینہ طور پر ذاتی رنجش کی بنا پر نشانہ بنایا گیا۔