جاپان میں کم از کم اجرت میں بڑے اضافے کی سفارش
ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپانی حکومت کے ایک پینل نے فی گھنٹہ کم از کم اوسط اجرت میں تقریباً 5 فیصد اضافہ کرنے کی سفارش کردی۔ 55 ین کا یہ اضافہ گزشتہ سال کے بعد تاریخ میں دوسرا بلند ترین اضافہ ہو گا۔ یہ سفارش ملک بھر میں اجرتوں میں اضافے کے رجحان کے درمیان کی گئی ہے۔ وزارت محنت کے پینل کا ہدف رواں مالی سال کے لیے فی گھنٹہ قومی اوسط اجرت کو 1176 ین، یا تقریباً 7.18 ڈالر تک لانا ہے۔ یہ رقم گزشتہ مالی سال میں حاصل شدہ 66 ین فی گھنٹہ کے ہدف سے کم ہے۔ لیکن اسکے باوجود یہ پینل کی جانب سے مالی سال 1978 ء میں سفارشات کے آغاز کے بعد سے دوسرا سب سے بڑا اضافہ ہو گا۔ پینل نے اجرتوں میں اضافے کی ملک گیر رفتار کی نشاندہی کی، لیکن افراط زر کی سست شرح کو اجرت میں کم اضافے کی سفارش کی وجہ قرار دیا۔ اب پریفیکچروں کے پینل حتمی اعدادوشمار پر بات چیت شروع کریں گے۔ حکومت 2030 تک کم از کم قومی اوسط اجرت کو 1500 ین فی گھنٹہ کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔