چیئرمینFBRکی پاکستان بزنس کونسل اورFPCCIکے وفود سے ملاقات
چیئرمینFBRکی پاکستان بزنس کونسل اورFPCCIکے وفود سے ملاقاتکراچی (کامرس رپورٹر) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال نے کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطحی وفود سے ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کاروباری سہولیات کو مزید بہتر کرنے، تاجروں کی ہراسانی سے متعلق شکایات کے ازالے، اور ٹیکس دہندگان کے معاملات میں دیانت داری اور شفافیت کو یقینی بنا کر کاروبار کے لیے سازگار معاشی ماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کاروباری رہنماؤں نے اپنے درپیش اہم مسائل سے چیئرمین ایف بی آر کو آگاہ کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس سے متعلق طریقہ کار کو مزید آسان بنانے، زیر التواء ریفنڈز کی جلد ادائیگی کو یقینی بنانے اور کمپلائنس کے طریقہ کار کو سادہ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تاکہ تجارت اور صنعت کو فروغ حاصل ہو۔ ٹیکس حکام کو ٹیکس دہندگان کے ساتھ منصفانہ اور باوقار رویہ اختیار کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں جبکہ اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ جائز کاروباری اداروں کو ہراساں کرنے کی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل سنے گئے اور متعدد معاملات پر موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کر دی گئیں۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح پر باقاعدہ رابطوں میں اضافہ کر کے شفافیت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔