متحدہ سے گورنر کے معاملے پرکوئی اختلاف نہیں‘ن لیگ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا ہے کہ ہم سندھ کے عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ پنجاب میں ائر ایمبولینس چل رہی ہے جبکہ سندھ میں سائیکل ایمبولینس چلائی جا رہی ہے۔ یہ ہمیں دسویں صدی میں لے جانا چاہتے ہیں۔ جلال پور کینال کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں زیر التوا ہے۔ سندھ کو تقسیم کرنے کی باتیں فضول ہیں۔ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان میں گورنر سندھ کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ہمارا گورنر سندھ ایم کیو ایم پاکستان کا بھی گورنر ہے۔ آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت بنے گی۔ مسلم لیگ ن کی قیادت پر تنقید کرنے والے بتائیں کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے 18 برسوں میں 32 ہزار ارب روپے کہاں خرچ کیے؟ وہ جمعرات کو مسلم لیگ ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں علی اکبر گجر، حاجی مظفر شجرہ اور اسد عثمانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ بشیر میمن نے کہا کہ اس پریس کانفرنس میں سندھ اور پنجاب حکومتوں کی کارکردگی کا وڈیو کے ذریعے تقابلی جائزہ پیش کیا گیاہے۔