آرٹیکل 370 کی منسوخی عالمی برادری پر طمانچہ ہے‘ اسلم فاروقی
کراچی (پ ر) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی قوانین و اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں‘ بھارت کا کشمیر کی خصوصی حیثیت کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کا اقدام عالمی برادری پر تمانچہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار5اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی) پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی، وائس چیئرمین ماسٹر زاہد حسین، پروفیسر سید انوار حسین‘ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے صوبائی صدر‘ تحریک اتحاد ہزارہ کے وائس چیئرمین، مذہبی و سماجی رہنماعلامہ مرتضیٰ خان رحمانی‘ کڑلال ویلفیئر کمیٹی کے صدر سردار طارق یوسف کڑلال، شاعر قمر الزماں صدیقی نے مزار قائد کے باہر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارت کا غاصبانہ قبضہ، کشمیریوں کی شناخت، آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کو سلب کیا جانا انسانی حقوق کے عالمبردار ممالک اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ قابض بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور لاکھوں کشمیریوں کو گھروں میں قید کر کے ان کے تمام رابطے کے ذرائع منقطع کر دیے ہیں مگر کشمیری عوام اپنے بنیادی حق حق خودارادیت کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے جس پر ان کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی آزادی کے حصول تک حمایت جارکھنے کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہیں۔