پبلک ایڈ ڈیجیٹل پورٹل 2.0 کا آغاز ‘موجودہ دور میں جدید ذرائع کا استعمال ناگزیر ہے‘ منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی خدمت، امانت اور دیانت کی علامت ہے، عوامی مسائل کے حل کے لیے پبلک ایڈ کمیٹی کی خدمات قابل قدر ہیں۔پبلک ایڈ ڈیجیٹل پورٹل 2.0 کا آغاز خوش آئند ہے ،موجودہ دور میں مصنوعی ذہانت (AI)، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے جدید ذرائع کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا ناگزیر ہے۔ عوامی خدمت کے کاموں کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ جماعت اسلامی پوری دیانت، امانت اور اخلاص کے ساتھ ان کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ عوام سے مضبوط رابطہ، جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ جماعت اسلامی کی عوامی خدمت کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے،جماعت اسلامی کے کارکنان اپنے اپنے حصے کی شمع روشن کر رہے ہیں اور یہی جدوجہد معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن رہی ہے۔بحریہ ٹاؤن سمیت مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کے متاثرین کے مسائل کے حل، شہریوں کی قانونی معاونت اور حقوق کے تحفظ کے لیے پبلک ایڈ کمیٹی نے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ ہزاروں متاثرین کی داد رسی اور اربوں روپے کے معاملات میں عوام کو ریلیف دلانے کی جدوجہد جماعت اسلامی کی خدمت خلق کا واضح ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے تحت منعقدہ ’’پبلک ایڈ کنونشن‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و صدر پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈووکیٹ،سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی واضلاع کے صدور نے خطاب کیااس موقع پر نائب صدر و کے الیکٹرک کمپلینٹ سیل کے انچارج عمران شاہد،پبلک ایڈ کمیٹی شعبہ تعلیم کے انچارج ابن الحسن ہاشمی،نائب صدر شاہد فرمان پبلک ایڈ کمیٹی نادرا سیل کے انچارج طاہر امیر الحسن، مختلف اضلاع کے ذمے داران، پبلک ایڈ کمیٹیوں اضلاع کے ذمے داران بھی موجود تھے۔کنونشن میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے اضلاع کے ذمے داران میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی وہ پلیٹ فارم ہے جہاں کارکنان خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے خدمت انجام دیتے ہیں۔ ماضی میں سخت حالات اور مشکلات کے باوجود جماعت اسلامی کے کارکنان نے عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا، جس کا نتیجہ ہے کہ آج لوگ جماعت اسلامی سے وابستہ ہونے کو اعزاز سمجھتے ہیں اور اس پر اعتماد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نظریاتی سیاست کے ساتھ ساتھ عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ یہ جماعت معاشرے کے محروم طبقات کی آواز بنتی ہے، مظلوموں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتی ہے، عوام کے زخموں پر مرہم رکھتی ہے اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران پبلک ایڈ کمیٹی نے بحریہ ٹاؤن، شناختی کارڈ کے مسائل، بنگالی اور بہاری برادری کے قانونی معاملات، قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مسائل، مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کے تنازعات اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔ جماعت اسلامی نے ہر مرحلے پر قانونی، آئینی اور جمہوری انداز میں عوام کے حقوق کا دفاع کیا اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی اس وقت بے شمار شہری مسائل سے دوچار ہے، تاہم ایسے حالات میں جماعت اسلامی اہل کراچی کے لیے امید کی کرن بن کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کے اس سفر کو مزید وسعت دیں، زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچیں اور خدمت، دیانت اور امانت کے اس پیغام کو عام کریں تاکہ ہر شہری کو جماعت اسلامی کی خدمات سے فائدہ پہنچ سکے۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کے جان و مال کے تحفظ، مسائل کے حل اور خدمت خلق کی علامت ہے۔ جہاں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے موجود نہیں ہیں، وہاں پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمے داران کو عوامی خدمت، مسائل کے حل اور رابطہ عوام کو مزید مؤثر بنانا ہوگا، کیونکہ ایسے علاقوں میں جماعت اسلامی ہی حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ اور ان کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ 2023ء کے بلدیاتی انتخابات کے بعد جن علاقوں میں جماعت اسلامی کے چیئرمین اور منتخب نمائندے موجود ہیں، وہاں وہ بھرپور طریقے سے عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں، تاہم جن یونین کمیٹیوں میں جماعت اسلامی کامیاب نہیں ہو سکی، وہاں پبلک ایڈ کمیٹیوں کی ذمے داری مزید بڑھ گئی ہے۔ ایسے علاقوں میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے کارکنوں کو ہی آگے بڑھنا ہوگا اور عوام کے درمیان موجود رہ کر ان کے مسائل کے حل کی جدوجہد کرنی ہوگی۔پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کی متوازی تنظیم نہیں بلکہ جماعت اسلامی کا ایک فعال اور منظم شعبہ ہے، جو ہر سطح پر متعلقہ نظم کے تحت کام کرتا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے کراچی میں اس شعبے نے مستقل مزاجی کے ساتھ عوامی خدمت کا فریضہ انجام دیا ہے اور اس کی مرکزی بیٹھک روزانہ عوام کے لیے کھلی رہتی ہے، حتیٰ کہ تعطیل کے دن بھی ذمے داران عوام کی رہنمائی کے لیے موجود ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پبلک ایڈ کمیٹی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹل پورٹل بھی متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے ذریعے عوامی شکایات متعلقہ شعبوں تک بروقت پہنچائی جائیں گی تاکہ مسائل کے حل کا عمل مزید تیز، منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔

 

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *