ٹنڈوالٰہیار، موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، عوام پریشان
ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)ٹنڈوالٰہیار گزشتہ چند روز سے شدید گرمی اور حبس کی لپیٹ میں تھا، جس کے باعث شہری سخت پریشانی کا شکار تھے۔ تاہم گزشتہ روز طوفانی تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی موسلا دھار بارش کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری رہا۔ آج صبح سے ہی تیز و طوفانی ہواؤں اور مسلسل تقریباً پانچ گھنٹے جاری رہنے والی بارش نے شہر اور گردونواح کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ اہم شاہراہوں پر برساتی پانی جمع ہونے سے نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوگیا۔بارش کے باعث بھیل کالونی، ابراہیم کالونی، نشیبہ کالونی، سومرا کالونی، عباس بھائی ٹاؤن، منصور کالونی، پریم نگر اور مدینہ کالونی سمیت متعدد رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ اسی طرح حیدرآباد روڈ، میرپورخاص روڈ، چمبڑ روڈ، میرواہ روڈ، بکیرا روڈ اور نصرپور روڈ کے مختلف حصوں میں برساتی پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ شہریوں، مسافروں، موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کو آمدورفت میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی مقامات پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔ شدید بارش نے جہاں کئی روز سے جاری گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا، وہیں موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں نے ٹھنڈی ہواؤں اور بارش سے لطف بھی اٹھایا۔ نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد مختلف مقامات پر بارش سے محظوظ ہوتی رہی، تاہم دوسری جانب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سڑکوں کی ابتر صورتحال کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ادھر خراب موسمی صورتحال کے باعث شہر میں گزشتہ 20 گھنٹوں سے زائد عرصے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس کے باعث ٹنڈوالہیار کا بیشتر حصہ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ بجلی کی طویل بندش سے گھریلو، تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں، جبکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی، موبائل فون چارج کرنے اور دیگر بنیادی سہولیات کے حصول میں بھی دشواری پیش آرہی ہے۔بارش کا سلسلہ رکتے ہی میونسپل کمیٹی ٹنڈوالہیار کی انتظامیہ بھرپور انداز میں متحرک ہوگئی۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوالہیار سید ثمر حسن شاہ رضوی کی ہدایات پر بلدیاتی عملے نے شہر بھر میں نکاسی آب اور صفائی کا کام تیز کر دیا، جبکہ چیئرمین خود بھی بارش کے بعد کی صورتحال اور بلدیاتی امور کی براہِ راست نگرانی کرتے رہے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جاسکے۔میونسپل کمیٹی کے تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل طور پر فعال رہے اور مختلف علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے لیے پمپنگ کا عمل بلا تعطل جاری رکھا گیا۔ بلدیاتی ٹیموں نے مرکزی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں کیں تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو اور شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مون سون بارشوں کے پیشِ نظر نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، برساتی نالوں کی بروقت صفائی یقینی بنائی جائے اور بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کی جائے تاکہ معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال ہوسکیں۔