پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ، اکبر جونیجو
تلہار (نمائندہ جسارت ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعتِ اسلامی تلہار اکبر جونیجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق اکبر جونیجو نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ڈیزل چند برس قبل تقریباً 250 روپے فی لیٹر دستیاب تھا، اس کی قیمت اب بڑھ کر تقریباً 400 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی ہے، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ بھی مسلسل مہنگی ہوتی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ لہر نے بے روزگاری میں اضافہ کر دیا ہے اور غریب خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو مالی مشکلات کے باعث اسکولوں اور کالجوں میں تعلیم دلانے سے بھی قاصر ہوتے جا رہے ہیں۔اکبر جونیجو نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ تلہار سے بدین کا کرایہ جو کبھی 50 روپے تھا، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بڑھ کر 150 روپے تک پہنچ چکا ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے ملازمین، طلبہ اور عام شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بحران کی چکی میں پس رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب حکومتی وزراء اور منتخب نمائندوں کو سرکاری سہولیات اور مفت پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔ ان کے بقول ایسے حالات میں عوام کے مسائل پر فوری توجہ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔امیر جماعتِ اسلامی تلہار نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے، ٹرانسپورٹ کرایوں کو کنٹرول کیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کی مشکلات میں کمی آ سکے۔