یونان: ہیلی کاپٹر وں کے درمیان تصادم‘ 2 افراد ہلاک

ایتھنز (انٹرنیشنل ڈیسک) یونان میں جنگلات کی خوفناک آگ پر قابو پانے کی کوشش اس وقت المیے میں بدل گئی جب فضائی آپریشن میں حصہ لینے والے 2فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر دوران پرواز آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 2اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حادثہ دارالحکومت ایتھنز کے مغرب میں واقع پساتھا کے جنگلات میں پیش آیا جہاں متعدد ہیلی کاپٹر آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے تھے۔ حادثے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران دوسرے ہیلی کاپٹر کے نچلے حصے سے ٹکرا گیا جس کے فوراً بعد وہ شعلوں کی لپیٹ میں آ کر زمین پر آ گرا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ڈنمارک سے تعلق رکھنے والا ایک پائلٹ اور یونان کی فائر سروس کا ایک افسر شامل ہیں جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر میں سوار عملہ محفوظ رہا اور انہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔ زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تاہم طبی عملہ انہیں بچانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور دونوں کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔ حادثے کے بعد حکام نے احتیاطی اقدام کے طور پر آگ بجھانے والے تمام ہیلی کاپٹروں کی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سیکڑوں فائر فائٹرز بدستور ایتھنز کے مغربی علاقوں میں بھڑکتی آگ کو رہائشی آبادیوں تک پہنچنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ یونانی وزیراعظم نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تصدیق کی کہ جاں بحق افراد میں ایک یونانی فائر سروس اہلکار اور ایک ڈنمارک کا پائلٹ شامل ہے۔ رواں ہفتے یونان میں جنگلات کی آگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 5ہو گئی ہے۔ اس سے قبل آگ بجھانے کی کارروائیوں کے دوران 3فائر فائٹرز اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *