جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت آج مظاہرے کا اعلان
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان حیدرآباد کی ضلعی قائم مقام ناظمہ سائرہ خلیق نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے مہنگائی کے خلاف کل 7 اگست کو ملک بھر کی شاہرائیں بند کرنے کے اعلان کی مکمل حمایت کرتے ہوئے آج 6اگست کو حلقہ خواتین کی جانب سے احتجاجی ریلی وپریس کلب کے سامنے مظاہرے کا اعلان کیا انہوںنے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو مزید معاشی مشکلات میں دھکیلنے کے بجائے فوری موثر اور عوام دوست اقدامات کئے جائیں تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جاسکے اور عوام کو حقیقی ریلیف ملے تاکہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہو سکے۔وہ حیدرآباد پریس کلب میں نائب ناظمہ سندھ فخرالنساء ، عائشہ وحید اورناہید انیس سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں ۔قائم مقام ناظمہ سائرہ خلیق نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ملک کا غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے ہر شہری کو متاثر کیا ہے اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اشیائے خورد و نوش سمیت ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں روزمرہ استعمال کی تقریبا ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔سائرہ خلیق کا کہنا تھا کہ حکمران ہر سال پٹرولیم لیوی کی مد میں غریب عوام کی جیب سے تقریبا 1800ارب روپے وصول کرتے ہیں، جس کے منفی اثرات سب سے زیادہ خواتین پر پڑتے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ ملک میں جاری مہنگائی کے خلاف آج 6اگست کو حیدرآباد میں بھی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں حیدرآباد کی خواتین بھرپور شرکت کر کے مہنگائی، ناجائز ٹیکسوں اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف اپنی پرامن آواز بلند کریں تاکہ حکومت کو عوامی مشکلات کا احساس دلایا جا سکے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر فوری قابو پایا جائے، بجلی و گیس کے نرخوں میں کمی کی جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کی جائیں اور عوام کو فوری اور موثر ریلیف فراہم کیا جائے۔