مسائل حل ہونے تک احتجاج جاری رہے گا‘ ہدایت الرحمن بلوچ

گوادر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر مہنگائی، پیٹرول لیوی ٹیکس، بدامنی اور بارڈر بندش کے خلاف جماعت اسلامی گوادر کے زیرِ اہتمام کوسٹل ہائی وے پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس کے دوران سینکڑوں کارکنان نے احتجاجاً شاہراہ کو بلاک کر دیا۔احتجاجی دھرنے میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کیے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرول لیوی ٹیکس، امن و امان کی خراب صورتحال اور بارڈر بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جس کا فوری نوٹس لیا جائے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور جماعت اسلامی ضلع گوادر کے ضلعی امیر سعید احمد بلوچ نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول لیوی ٹیکس واپس لیا جائے، بارڈر فوری طور پر کھولا جائے، بدامنی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔مقررین نے کہا کہ اگر عوامی مسائل حل نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی آئندہ بھی پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *