انتخابات کاآزادانہ اور خودمختار ہونا ناگزیر ہے‘ سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ انتخابات کو آزادانہ اور خودمختار ہونا اس ملک اور یہاں کے عوام کے لیے لازم و ملزوم ہے۔ کشمیر میں مرحلہ وار انتخابات اور اس کے نتائج کا تبدیل کردیا جانا سوالیہ نشان ہے۔ کسی بھی ریگولیٹری اتھارٹی کو آزاد اور خودمختار ہونا چاہیے اور سندھ ہیلتھ کمیشن بھی آزاد اور خودمختار ہے۔ پاکستان میں فرنیچر کی ایک وسیع صنعت ہے اور یہاں پر نوجوانوں کے لیے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز آل پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے تحت ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والے تین روزہ “پہلا پاکستان فرنیچر ٹریڈ شو 2026ء” کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ پی ایف اے کے سینئر وائس چیئرمین رانا وحید، سید طارق شاہ و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے نمائش میں لگائے گئے فرنیچر کے اسٹالز کا دورہِ کیا اور اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ اس سے قبل بھی ایکسپو سینٹر کراچی میں فرنیچر کی مختلف نمائشوں کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے اور یہ کمرشل بنیادوں پر منعقد کی جاتی رہی ہیں البتہ اس نمائش کا انعقاد فرنیچر بنانے والوں نے کیا ہے اور یہاں جہاں اچھا اور خوبصورت فرنیچر ہے وہاں اس پر بہت اچھا ڈسکاؤنٹ بھی عوام کے لیے رکھا گیا ہے جو کراچی کے عوام کے لیے ایک اچھا اور سستا فرنیچر خریدنے میں معاون ثابت ہوسکتا پے۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر کی ایک وسیع صنعت ہے اور ہمارے ملک سے فرنیچر بیرون ملک بھی ایکسپورٹ کیا جاتا ہے، اس لیے ہمیں اس صنعت کی سرپرستی کرنا ہوگی اور ہمارے نوجوانوں کو بھی یہاں راغب کرنا ہوگا تاکہ وہ اس صنعت کے ذریعے اپنا بہتر مستقبل بنا سکیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *