جیکب آباد: جماعت اسلامی کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کیخلاف دھرنا
جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر عوام کے آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے نام پر عوام سے کی جانے والی بھاری وصولیوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کی جانب سے قومی شاہراہ پر سیم شاخ کے مقام پر بھرپور دھرنا دیا گیا۔دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد محمد ابوبکر سومرو، نائب امیر علامہ محمد حنیف کھوسو، نائب امیر عبدالصمد کٹبار، امیر جماعت اسلامی جیکب آباد شہر دیدار لاشاری، امیر نوازو جاگیر عبیدالرحمان بروہی، امیر ٹھل عابد لاشاری، امیر مبارک پور عبدالستار بھٹو، امیر یوسی رند واہی عنایت اللہ ٹالانی سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔ دھرنے میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام اپنے حقوق سے باخبر، باشعور اور زندہ قوم ہیں۔ عوامی مفادات کے خلاف کسی بھی ظالمانہ اقدام پر خاموش نہیں رہیں گے اور متحد ہو کر آواز بلند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں عوام کو اس طرح روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے ذریعے غیر یقینی صورتحال سے دوچار نہیں کیا جاتا۔ حکومت عوام کے ساتھ دھوکا دہی کا سلسلہ بند کرے، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے نام پر عائد ظالمانہ ٹیکس فوری ختم کرے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔