پڈعیدن,عوامی شکایات کے ازالے کیلیے ہیومن رائٹس کمیٹی کا اجلاس
پڈعیدن (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم کی زیر صدارت ضلع میں انسانی حقوق کی بالا دستی، تحفظ اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹی (District Human Rights Committee) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پولیس، جیل پولیس،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرارباب علی اجن، ڈسٹرکٹ آفیسر وومن ڈولپمنٹ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر،ڈسٹرکٹ ھیلتھ آفیسر و انتظامی افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور متعلقہ کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد ارسلان سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور انہیں انصاف کی فراہمی ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد کے حقوق کی تلفی یا استحصال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ معذور افراد، خواتین، بچوں، اقلیتوں اور بالخصوص ضعیف شہریوں کے مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر پیشرفت کی جائے اور ان سے متعلق موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر بلا تاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، جبکہ اینٹی ہراسمنٹ اور اینٹی چائلڈ لیبر کے قوانین پر سخت عمل درآمد کرایا جائے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ شہریوں کو ان کے آئینی و قانونی حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے سول سوسائٹی کے تعاون سے شعوری مہمات کا انعقاد کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو باہمی رابطہ مضبوط رکھنے اور انسان دوست ماحول فراہم کرنے کی بھی سخت ہدایت کی تاکہ ضلع میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے واقعات کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔انہوں نے کمیٹی کے ممبران کو ہدایت کی کہ وہ جیلوں ، اسپتالوں کا معائنہ کریں وہا ں انسانی حقوق کاجائزہ لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کنٹرول روم قائم کیا جائے جہاں شہری، خواتین،بچے اور ٹرانس جینڈر اپنی شکایات درج کرا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں تعلیم اور صحت کی سہولیات سے محروم افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے انسانی حقوق ا دا ہو سکیں۔