جاپان: اعضا کی غیر قانونی پیوندکاری کا سہولت کار گرفتار

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان کی پولیس نے کمبوڈیا میں انسانی اعضا کی غیرقانونی پیوندکاری کی سہولت کاری کے الزام میں مشتبہ شخص کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ کیکوچی ہِیرومیچی ایک غیر منافع بخش تنظیم کا سابق ڈائریکٹر ہے جو مشکل سے علاج ہونے والی بیماریوں میں مبتلا افراد کی مدد کرنے کا دعویٰ کرتی ہے۔ پولیس نے اْسے منگل کے روز دوبارہ گرفتار کر لیا۔ ملزم نے ٹوکیو کے مشرق میں واقع چیبا میں رہنے والے 60 کے پیٹے کے ایک شخص کے لیے پچھلے سال کمبوڈیا میں گردے کی پیوندکاری کا انتظام کیا تھا۔ کیکو چی نے مبینہ طور پر کمیشن اور فیسوں بشمول ڈاکٹر کے تحائف کے بہانے تقریباً 85 لاکھ ین یعنی 52 ہزار ڈالر وصول کیے۔ اْسے اعضا کی پیوندکاری کے قانون کی خلاف ورزی کے الزام کا سامنا ہے۔ 60 سالہ ملزم مئی 2025 ء میں کمبوڈیا گیا تھا اور اطلاعات کے مطابق اس نے ایک چینی رابطہ کار کو اضافی فیس کی مد میں تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر ادا کیے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کیکوچی نے مذکورہ شخص کو پیوندکاری کے بعد مکمل نگہداشت کی یقین دہانی کرائی تھی۔ پولیس اس سے پہلے بھی کیکوچی اور 2دیگر افراد کو 70 سالہ شخص کے اعضا کی پیوندکاری اور تقریباً 73 ہزار ڈالر وصول کرنے کے شبہے میں گرفتار کر چکی ہے۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ کیکوچی نے 40 سے 70 سال کے کم از کم 5افراد کے لیے پیوندکاری کا انتظام کیا ہے اور مجموعی طور پر 2 لاکھ 70 ہزار ڈالر سے زیادہ وصول کیے ہیں۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا اْس نے ان الزامات کو تسلیم کیا ہے یا نہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *