گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، صنعتوں کا پہیہ جام اورمعیشت کو نقصان کا خدشہ
کراچی (جسارت نیوز)گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے نتیجے میں صنعتی سرگرمیوں، سپلائی چین اور برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ صنعتکاروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر خام مال کی ترسیل اور تیار مصنوعات کی ملک بھر میں نقل و حمل کا سلسلہ مزید متاثر ہوا تو اس کے ملکی صنعت اور معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرحمان فدا نے اپنے ردعمل میں کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے صنعتوں کے لیے صورتحال انتہائی مشکل ہوسکتی ہے کیونکہ صنعتی پیداوار کا پورا نظام خام مال کی بروقت فراہمی اور تیار مصنوعات کی مقررہ وقت پر ترسیل سے منسلک ہے۔ اگر فیکٹریوں کو مطلوبہ خام مال وقت پر نہیں ملے گا تو پیداواری عمل متاثر ہوگا جبکہ تیار مال کی ترسیل میں تاخیر سے صنعتکاروں کو مزید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان کی صنعتیں خصوصاً برآمدی سیکٹر پہلے ہی مختلف چیلنجز کا سامنا کررہا ہے ایسے میں ٹرانسپورٹ کا بحران صنعتوں کے لیے ایک اضافی اور ناقابل برداشت بوجھ ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر تیار مصنوعات بروقت کسٹمر تک نہ پہنچیں تو بعض اوقات خریدار اضافی کلیمعائد کرتے ہیں اور بعض صورتوں میں قیمت کم کرنے یا نقصان کی تلافی کا مطالبہ بھی کیا جاتا ہے۔