مکہ معاہدہ اسلامی دنیا کے اتحاد کی جانب اہم پیش رفت ہے‘فضل الرحمن
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ کو اسلامی دنیا کے اتحاد کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ اس معاہدے میں دیگر اسلامی ممالک کو بھی شریک ہونا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلامی دنیا کی مشترکہ دفاعی قوت ہمیشہ سے جے یو آئی کی خواہش رہی ہے اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا مکہ دفاعی معاہدہ اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ پاک سعودی ترکیہ دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کے عروج اور نشاۃِ ثانیہ کا ذریعہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مسلم امہ کی قیادت کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک سعودی ترکیہ کا معاہدہ اجتماعی سلامتی کا مضبوط ستون ثابت ہوگا اور اسلامی ممالک کے درمیان مزید قریبی تعاون کی راہ ہموار کرے گا، یہ معاہدہ امت مسلمہ کے درمیان مطلوبہ اتحاد اور یکجہتی کی نمائندگی کرتا ہے اور اس امر کا ثبوت ہے کہ اسلامی ممالک کے مفادات مشترک ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سعودی عرب حرمین شریفین کی نگہبانی کے اعزاز کے باعث تمام مسلمانوں کے دلوں میں بلند مقام رکھتا ہے، جبکہ پاکستانی عوام حرمین شریفین کے دفاع کو عظیم اعزاز اور مقدس مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔