سرگودھا‘سرعام فائرنگ کرنیوالا شخص گرفتار‘پسٹل وگولیاں برآمد
سرگودھا (صباح نیوز) بد معاشی اور اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لیے سرگودھا پولیس متحرک، سرعام اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے پسٹل برآمد کر لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا توقیر محمد نعیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں اسلحہ کلچر، ہوائی فائرنگ اور بد معاشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تھانہ اربن ایریا پولیس نے کارروائی کر کے ملزم ابرار کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل برآمد کرلیا گیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ڈی پی او توقیر محمد نعیم کا کہنا ہے کہ بد معاشی اور اسلحہ کلچر کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔