203
|

مون سون بارشوں سے پنجاب میں29 افراد جاں بحق،203 زخمی

لاہور: صوبہ پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوران اب تک 29افراد جاںبحق اور 203زخمی ہوگئےہیں۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران مختلف حادثات میں 29 افراد جاں بحق جبکہ 203 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق زیادہ تر اموات کچے اور خستہ حال مکانات منہدم ہونے، آسمانی بجلی گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات کے نتیجے میں ہوئیں۔ بارشوں کے باعث صوبے بھر میں 52 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ 6 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ مون سون کے تیسرے اسپیل کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی و نشیبی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مالی امداد دی جا رہی ہے۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ دریاؤں، ندی نالوں اور سیلابی مقامات کے اطراف دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *