سپریم کورٹ بار کے صدر ہارون الرشید کی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت
اسلام آباد: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ہارون الرشید نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبے بہتر گورننس، معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔
جسٹس مسرت ہلالی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک مشترکہ ایجنڈے پر اتفاق کرنا چاہیے اور ملک کے تمام حل طلب معاملات پر بامعنی اور سنجیدہ مذاکرات ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی امور میں بہتری اور عوام کو بہتر حکمرانی فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
سپریم کورٹ بار کے صدر نے صدر مملکت سے درخواست کی کہ ججوں کی تقرریوں کی منظوری میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔
فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ جج آتے جاتے رہتے ہیں لیکن انصاف ہمیشہ قائم رہنا چاہیے۔