آزاد کشمیر میں حکومت سازی، مسلم لیگ (ن) کا مختصر کابینہ بنانے کا فیصلہ

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی کے حوالے سے اہم فیصلے کر لیے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نئی حکومت میں مختصر اور محدود کابینہ تشکیل دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کی پالیسی بھی اختیار کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے حکومت سازی کے حوالے سے پارٹی پالیسی واضح کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ نئی حکومت میرٹ، تجربے اور انتظامی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی جائے جبکہ غیر ضروری سرکاری اخراجات سے بھی گریز کیا جائے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مہاجرین کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ مالی بوجھ کم رکھنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ لیگی رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو مشورہ دیا کہ مہاجرین کی نشستوں سے منتخب وزرا کی شمولیت سے آزاد کشمیر کے خزانے پر اضافی اخراجات کا بوجھ پڑتا ہے، اس لیے کابینہ کو محدود رکھا جائے۔

ذرائع کے مطابق حکومت سازی کے عمل میں سینئر اور تجربہ کار نومنتخب اراکین اسمبلی کو ترجیح دینے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے،نئی حکومت میں ایسے رہنماؤں کو ذمہ داریاں دی جائیں گی جو پارلیمانی اور انتظامی امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہوں اور مؤثر انداز میں حکومتی معاملات چلا سکیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارتِ عظمیٰ کے معاملے پر بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ دنوں میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت اور آزاد کشمیر کے سینئر رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں وزارتِ عظمیٰ کے لیے پارٹی پالیسی سے آگاہ کیا گیا جبکہ مختلف رہنماؤں نے اس اہم منصب کے لیے اپنی لابنگ بھی تیز کر دی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نئی حکومت کی تشکیل کے بعد کابینہ کا حجم محدود رکھا جائے گا تاکہ حکومتی اخراجات میں کمی لائی جا سکے اور وسائل کو ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جا سکے، حکومت سازی کا عمل آئینی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق حتمی فیصلوں کا اعلان پارلیمانی پارٹی اور مرکزی قیادت کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سادہ اکثریت حاصل کی ہے، جس کے بعد نئی حکومت کی تشکیل، وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار اور کابینہ کی ساخت سیاسی حلقوں میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتیں بھی آئندہ سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے میں مصروف ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حکومت سازی کے فیصلوں کو آزاد کشمیر کی نئی سیاسی سمت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *