400 ٹن وزنی
|

400 ٹن وزنی جاپانی قلعہ ایک ہزار افراد نے رسیوں سے کھینچ کر دوسری جگہ منتقل کردیا

ٹوکیو: کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ تقریباً 400 ٹن وزنی ایک تاریخی قلعے کو سینکڑوں افراد مل کر رسیوں کے ذریعے کھینچ سکتے ہیں؟ جاپان میں ایسا ہی ایک حیران کن اور منفرد منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب تقریباً ایک ہزار افراد نے تاریخی ہیروشاکی قلعے کے ٹاور کو انسانی قوت سے کھینچ کر حرکت دی۔

جاپان کے شمالی صوبے اوموری کے شہر ہیروشاکی میں موجود تاریخی قلعے کے تقریباً 400 ٹن وزنی ٹاور کو رسیوں کے ذریعے واپس اس کی اصل جگہ کی جانب منتقل کرنے کے لیے شہریوں نے خصوصی تقریب میں حصہ لیا۔ تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیے گئے تقریباً ایک ہزار افراد نے مختلف گروپس میں تقسیم ہوکر قلعے سے جڑی موٹی رسیوں کو کھینچا۔

یہ غیر معمولی سرگرمی دراصل ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔ ہیروشاکی قلعے کو 2015 میں اس وقت اصل مقام سے منتقل کیا گیا تھا جب قلعے کی بنیاد میں موجود پتھریلی دیوار کو مرمت کی ضرورت پیش آئی اور اس کے منہدم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔ اس وقت تقریباً 400 ٹن وزنی قلعے کے ٹاور کو تقریباً 80 میٹر دور عارضی مقام تک منتقل کیا گیا تھا۔

اب پتھریلی دیوار کی مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد قلعے کے ٹاور کو 11 سال بعد دوبارہ اس کی اصل جگہ پر واپس لانے کا مرحلہ شروع کیا گیا ہے۔ جاپان میں اس عمل کو ’’ہیکیموداشی‘‘ یعنی واپس کھینچ کر لانے کا عمل کہا جا رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ قلعے کو واپس منتقل کرنے کے بڑے منصوبے کے ساتھ شہریوں کو بھی اس تاریخی عمل کا حصہ بنایا گیا۔ تقریباً ایک ہزار افراد نے رسیوں کی مدد سے قلعے کو کھینچا اور ایک مرحلے میں اسے ایک میٹر سے زیادہ حرکت دینے میں کامیاب رہے۔

ہیروشاکی قلعہ جاپان کے اہم تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور اس کا موجودہ ٹاور جاپان کے شمالی ترین موجودہ قلعہ ٹاور کے طور پر بھی نمایاں ہے۔ یہ ٹاور جاپان کے اہم ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔

شہریوں کی شرکت سے ہونے والی اس منفرد سرگرمی کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 4 ہزار افراد کو مختلف دنوں میں قلعے کو رسیوں سے کھینچنے کے عمل میں شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس سرگرمی کے ذریعے قلعے کو مجموعی طور پر تقریباً 5 میٹر مزید واپس اس کی اصل سمت میں منتقل کیا جائے گا۔

یہ صرف علامتی یا عوامی سرگرمی نہیں بلکہ قلعے کو مکمل طور پر اصل مقام پر واپس پہنچانے کا باقاعدہ تعمیراتی منصوبہ بھی جاری ہے۔ قلعے کے ٹاور کو مجموعی طور پر تقریباً 78 میٹر کا فاصلہ طے کرکے دوبارہ اصل قلعہ گاہ پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ اسے نومبر 2026 تک اصل مقام پر رکھنے کا منصوبہ ہے۔

400 ٹن وزنی تاریخی عمارت کو سینکڑوں افراد کا مل کر رسیوں سے کھینچنا نہ صرف جاپان کے شہریوں کے لیے ایک منفرد تجربہ بن گیا بلکہ اس غیر معمولی منظر نے دنیا بھر میں بھی لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *